کچھ باتیں اس ویب سائیٹ اور یوٹیوب چینل سے متعلق

کافی مدتوں سے یہ خواہش تھی کہ اردو زبان میں اپنا ایک بلاگ ہو جہاں میں زندگی میں جو سیکھوں وہ اپنے ہم زبانوں کو سکھا سکوں۔ مجھے استاد، مینٹور، گرو ہونے کا دعوٰی نہیں ہے اور نہ ہی انشاءاللہ کبھی ہوگا، میں اپنی ساری عمر طالبِ علم کے طور پر بِتانے کا خواہشمند ہوں۔ ہاں یہ بات ضرور ہے کہ میں روزانہ کچھ نیا سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، جہاں سے کوئی نئی علم کی بات ملتی ہے اسے فوراً لے لیتا ہوں چاہے وہ کتاب ہو، یوٹیوب کی ویڈیو ہو، کوئی آن لائن کورس ہو یا کوئی ایونٹ میں کوشش کرتا ہوں کہ کوئی موقع ہاتھ سے نہ جائے۔ میں خاص لوگوں سے سیکھتاہوں اور ان سے زیادہ عام افراد اور زندگی سے سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔

اردو زبان میں بلاگ بنانے کی کوشش آج سے کئی سال قبل بھی کی تھی لیکن پھر زندگی میں دیگر مسائل نے آ لیا اور اردو بلاگنگ وہیں کی وہیں رہ گئی۔پچھلے کچھ ماہ سے میں یہ مسلسل سوچ رہا تھا کہ اب الحمداللہ جب میں کافی حد تک معاشی طور پر خود کفیل ہو چکا ہوں تو یہ بہترین وقت ہے کہ جو سیکھا یا آئندہ سیکھنے کا ارادہ ہے اس میں دوسروں کو بھی حصےدار بنایا جائے۔ کافی سوچنے اور ٹال مٹول کے بعد بالآخر یکم دسمبر 2017ء سے اس بلاگ اور میرے یوٹیوب چینل کا باقاعدہ آغاز ہو ہی گیا۔

اب بات ہو جائے کہ اس چینل اور بلاگ پر کیا کچھ اور کب کب شائع کیا جائے گا۔ تو جناب سب سے پہلے تو میرا تعلق کیوں کہ کمپیوٹنگ کی فیلڈ سے ہے، میری روایتی تعلیم اسی شعبے کے متعلق ہے اور پیشے کے لحاظ سے کیوں کہ میں ایک فری لانسر ہوں تو آپ کہ سکتے ہیں کہ میرا رزق بھی اسی شعبے کے ساتھ لگا ہوا ہے، اس لیے اس ویب سائیٹ  پر آپ کو کمپیوٹنگ کے متعلق مضامین اور ویڈیوز ملیں گی۔ کمپیوٹنگ میں بھی میرا خاص موضوع ڈیزائننگ اور ڈیویلپمنٹ ہے اور میں ایک لینکس یوزر ہوں تو ان تین چیزوں کے متعلق زیادہ مواد شائع کیا جائے گا، ساتھ ساتھ میری کوشش ہو گی کہ میں فری لانسنگ کے متعلق بھی مضامین اور ویڈیوز شائع کرتا رہوں۔ یکم جنوری 2018ء سے ہر  بدھ کو ویب سائیٹ اور یوٹیوب چینل پر کمپیوٹنگ کے زمرے میں مواد شائع کیا جائے گا۔ میری کوشش ہو گی کہ اس موضوع پر لکھنے کے ساتھ ساتھ عملی ویڈیو بھی بنائی جائے کیوں کہ کمپیونٹنگ کے متعلق علم دیکھ کر زیادہ آسانی سے سمجھ آجاتا ہے۔ تو ہر بدھ کو ڈیزائن، ڈیویلپمنٹ اورلینکس کے متعلق ٹیوٹوریل کے لیے ویب سائیٹ اور یوٹیوب چینل کو دیکھنا نہ بھولیں۔

میرا پسندیدہ موضوع زندگی ہے اور میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ ہر شخص قطع نظر اس کے کہ وہ کتنا کما رہا ہے ایک کامیاب، خوشگوار اور خوشحال زندگی گزار سکتا ہے۔ اس ویب سائیٹ اور چینل پر یکم جنوری 2018ء سے ہر سوموار  کو   کامیاب زندگی کے عنوان کے تحت  کامیابی، خوشی، عادات و اطوار، روپیہ پیسہ، مؤثر کام کاج، سادہ زندگی ، خوشگوار تعلقات اور تعلیم و تربیت جیسے موضوعات پر مضامین اور ویڈیوز شائع کی جائیں گی۔ میرا کامیابی سے متعلق نظریہ آج کل جو کوچز اور ٹرینر بتاتے ہیں اس سے کافی مختلف ہے ، میں ایک سادہ، خوشگوار اور Minimalist زندگی کو کامیاب شمار کرتا ہوں نہ کہ روپیہ پیسہ یا پھر بڑے بڑے بنگلے، کوٹھیاں۔ تو براہِ کرم اس پر ایک مختلف نکتہ نظر کے لیے تیار رہیے۔ اس طرح  میں روایتی تعلیم کے بہت زیادہ حق میں نہیں ہوں، ہوم سکولنگ اور لائف لانگ سیلف لرننگ پر یقین رکھتا ہوں تو تعلیم و تربیت کے زمرے میں ہوم سکولنگ، سیلف لرننگ(ذاتی بہتری) اور تربیت (بچوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ میرے جیسے افراد کی بھی تریبت ) کے موضوعات پر مواد شائع کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :   ویب سائیٹ اپڈیٹ

جن چیزوں سے میں نے زندگی میں عشق کیا ہے ان میں سے ایک کتاب ہے  اور مجھے اس پر فخر ہے تو یہاں پر کتابوں کی باتیں ہوں گی اور کافی سے زیادہ ہوں گی۔ کتابوں کا تعارف، ان پر تبصرہ اور ان سے میں نے کیا سیکھا یہ یہاں پر زیرِ بحث آئے گا۔ کتاب کے علاوہ سیکھنے کا ایک اور بہترین ذریعہ ویڈیوز ہیں ان کے اندر فلمیں، ڈاکومنٹریز، ڈرامہ اور لیکچرز وغیرہ سب کچھ آتا ہے تو ان سے متعلق بھی میں آپ کے ساتھ اپنی لرننگ شیئر کرتا رہوں گا۔ نئے سال سے ہر جمعہ کو میں فلم کتاب کے زمرے میں مضمون یا ویڈیو شائع کروں گا۔

یکم جنوری 2018 ء سے میں اس ویب سائیٹ، اپنے یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج پر ایک اور سلسلہ شروع کرنے جارہا ہوں اور وہ ہے انگریزی زبان کی کتابوں کی تلخیص۔ میں کافی عرصے سے انگلش بک سمریز پڑھ رہا ہوں اور میں یہ سمجھتا ہوں کہ ان بک سمریز سے انسان بہت کم وقت میں بہت زیادہ سیکھ سکتا ہے۔ تو نئے سال میں ہر روز ایک نئی کتاب کی سمری اس ویب سائیٹ پر شائع کی جائے گی، یہ مختصر سمری ہو گی جسے میں اردو زبان میں ویڈیو، تحریر اور پی ڈی ایف کی شکل میں آپ کے سامنے رکھوں گا، امید ہے اس کی مدد سے آپ کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

سفر کو وسیلہ ظفر کہا جاتا ہے اور یہ سیکھنے سکھانے کا بھی ایک بہترین ذریعہ ہے۔ مجھے بچپن سے ہی سیر و سیاحت کا بہت شوق رہا ہے، اب جا کے مجھے موقع ملا ہے کہ میں سفر کر سکوں اور اس سے جو سیکھوں اس کے متعلق یہاں لکھ سکوں ۔ یہ ایک عام بندے کے سفرنامے ہوں گے جو لوکل گاڑیوں اور موٹر بائک پر پاکستان اور مستقبل میں دنیا گھومے گا اور ایک عام بندے کی نظر سے آپ کو یہ سب کچھ دکھائے گا، یہ سفرنامے بھی بہت جلد اس ویب سائیٹ کی زینت بنیں گے۔

تو جی میرا خیال ہے کافی ہو گیا ہے ، یہی اس ویب سائیٹ اور چینل کے موضوعات ہیں ۔ ان کے علاوہ کبھی کبھار ہی اور موضوعات پر کوئی تحریر یا ویڈیو آپ کو نظر آئے گی، اگر کوئی تحریر شائع ہوئی تو وہ وغیرہ وغیرہ کے زمرے میں شائع ہو گی۔ تو اگر آپ ان سب موضوعات میں یا پھر کسی ایک موضوع میں دلچسپی رکھتے ہیں تو اس بلاگ اور یوٹیوب چینل کو ابھی سے سبسکرائب کر لیں تا کہ اس پر شائع ہونے والے نئے مواد کے متعلق آپ کو آگاہ کیا جاتا رہے۔

کیا آپ سادہ، آسان اور پُرسکوں زندگی کے خواہاں ہیں؟
اپنا ای میل ایڈریس درج کیجیے اور میرا ہفتہ وار ای میل نیوز لیٹر جوائن کیجیے

احباب کے ساتھ شیئر کیجیے

Share on facebook
فیس بک
Share on twitter
ٹوئٹر
Share on google
گوگل پلس
Share on email
ای میل
فیس بک
ٹوئٹر
گوگل پلس
ای میل

اپنی رائے کا اظہار کریں

error: !!معذرت، کاپی کی اجازت نہیں