ڈراپ باکس: کیا، کیوں، کیسے؟

بھلا بتائیے تو کیسا رہے گا اگر آپ کے گھر پر موجود کمپیوٹر میں ایک فولڈر ہو جس کے اندر آپ جو بھی فائلز، تصاویر، میوزک وغیرہ رکھیں وہ خود بخود آپ کے دفتر کے کمپیوٹر، آپ کے لیپ ٹاپ، موبائل اور ٹیبلٹ وغیرہ میں آ جائیں، آپ کسی بھی ڈیوائس پر ایک فولڈر یا فائل ڈیلیٹ کریں اور وہ خود بخود تمام ڈیوائسز سے ڈیلیٹ ہو جائے۔ آپ کسی بھی فائل یا فولڈر کو کسی اور شخص کے ساتھ شیئر کریں اور وہ اس کے کمپیوٹر اور دیگر ڈیوائسز میں چلی جائے، اگر وہ یا آپ اس فائل میں کوئی تبدیلی کریں تو وہ تبدیلی خود بخود تمام جگہ پر اپلائی ہو جائے۔  ڈراپ باکس، گوگل ڈرائیو اور دیگر اس نوعیت کی ویب سائیٹ ایسے ہی کام کرتی ہیں۔

ڈراپ باکس  کا آغاز 2007ء میں ہوا اور مجھے اس کے متعلق قریب 2010ء میں پتا چلا لیکن افسوس میں حال قریب تک اس سے صحیح معنوں میں فائدہ نہیں اٹھا، لیکن اب یہ وہ سروس ہے جو میں روزانہ کی بنیاد پر استعمال کرتا ہوں۔ آپ کو بھی میں مشورہ دوں گا کہ اس کو ضرور استعمال کریں، اس تحریر کے اندر میں آپ کو اس کو استعمال کرنے کا طریقہ اور اس کے کچھ استعمالات کے متعلق بتاؤں گا۔

ڈراپ باکس سے فائدہ اٹھانے کے لیے سب سے پہلے اس کی ویب سائیٹ پر جائیں اور اپنا مفت اکاؤنٹ بنالیں، اکاؤنٹ بناتے ساتھ ہی آپ کو 2 جی بی  جگہ آپ کی فائلز محفوظ کرنے کے لیے دے دی جائے گی۔ اب انسٹال کے صفحے پر جائیں اور جو بھی آپریٹنگ سسٹم (لینکس، میک، ونڈو) آپ استعمال کرتے ہوں اس کے لیے اس کی ڈیسک ٹاپ ایپ ڈاؤنلوڈ کر کے اپنے کمپیوٹر میں انسٹال کر لیں، یہی عمل اپنے پاس موجود تمام کمپیوٹرز ، لیپ ٹاپ، موبائلز اور ٹیبلٹ پر دہرائیں۔ اب اپنے مرکزی کمپیوٹر پر اس کی ڈیسکٹاپ ایپ کو استعمال کرتے ہوئے لاگ ان کریں، اس کے ساتھ ہی آپ کے کمپیوٹر کے ہوم فولڈر میں ڈراپ باکس کے نام سے ایک فولڈر بن جائے گا، اس فولڈر کے اندر آپ جو بھی فولڈر، فائل یا تصویر رکھیں گے وہ آپ کی تمام دیگر ڈیوائسز اور ڈراپ باکس کی ویب سائیٹ پر دستیاب ہو گی، جسے آپ کسی بھی کمپیوٹر سے کسی بھی وقت لاگ ان کر کے ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کوئی فائل یا فولڈر کسی اور شخص کے ساتھ شیئر کرنا چاہتے ہیں تو اس فائل یا فولڈر پر دایاں کلک کر کے، ڈراپ باکس کے مینیو کے ذریعے اس کو شیئر کر سکتے ہیں۔

اب جب کہ ڈراپ باکس پر آپ کا اکاؤنٹ بن چکا اور ہر ڈیوائس پر ڈراپ باکس کی ایپ انسٹال ہو چکی ہے، آپ سوچ رہے ہوں گے کہ اس کا استعمال کیا ہو؟ یہاں پر میں آپ کے ساتھ ڈراپ باکس کے کچھ استعمالات، کچھ آئیڈیاز شیئر کرتا ہوں۔

1 ۔ ذاتی ڈاکومنٹس: وہ تمام ڈاکومنٹس، ڈگریاں، کارڈز، پاسپورٹ جن کی آپ کو اکثر ضرورت پڑتی ہے انہیں اسکینر یا کسی موبائکل ایپ کی مدد سے سکین کریں، ڈراپ باکس کے اندر ایک فولڈر بنائیں اور وہ تمام فائلز وہاں پر رکھ چھوڑیں، اب آپ کو وہ ڈاکومنٹس کبھی بھی کہیں بھی ضرورت پڑیں، آپ فوراً سے پہلے ان تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

2 ۔ سی وی یا Resume: اگر آپ نوکری کی تلاش میں ہیں تو آپ کو آئے روز کسی نا کسی کو اپنی  سی وی بھیجنی پڑتی ہو گی، تو ایسا کریں کہ اپنی سی وی کو ڈراپ باکس پر اپلوڈ  کریں اور پھر جس کسی کمپنی میں اپلائی کریں، سی وی فائل کو ای میل میں منسلک کرنے کی بجائے، ڈراپ باکس فائل کا لنک شیئر کریں۔ اس کا فائدہ یہ ہو گا کہ اگر آپ سی وی میں کچھ نیا شامل کرتے ہیں یا کچھ پرانا تبدیل کرتے ہیں تو آپ کو دوبارہ سے نئی فائل بھیجنے کی ضرورت نہیں، آپ بس ڈراپ باکس پر رکھی فائل میں تبدیلی کر دیں وہ تبدیلی سب تک پہنچ جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں :   انٹرنیٹ سے پیسے کمانے کے 10 بہترین طریقے

3 ۔ ٹیکسٹ نوٹس: مجھے آپ کا تو پتا نہیں لیکن میں روزانہ کی بنیاد پر بہت زیادہ نوٹس لیتا ہوں، کبھی کوئی آئیڈیا محفوظ کرنا ہو، انٹرنیٹ پر موجود کوئی اچھی تحریر یا پھر کچھ یاداشتیں ۔ نوٹس کے لیے میں نے evernote, simplenotes سمیت بہت سی ایپ اور سروسز استعمال کی ہیں لیکن کوئی بھی سروس plain-text notes کا مقابلہ نہیں کر سکتی ۔ اگر آپ بھی plain-text notes استعمال کر رہے ہیں  تو آپ اپنے نوٹس کی فائلز (txt files.) ڈراپ باکس کے ایک فولڈر کے اندر محفوظ کر سکتے ہیں اور پھر کسی بھی پلیٹ فارم پر ان کو دیکھ یا ان میں تبدیلی کر سکتے ہیں۔

4 ۔ شاپنگ لسٹ: اگرچہ حالیہ سالوں کے اندر میں نے اپنی بے جا خریداری کی عادت پر کافی حدتک قابو پا لیا ہے لیکن پھر بھی ہمیں کچھ نہ کچھ، کبھی نا کبھی خریدنا ہی پڑتا ہے  تو آپ وہ اشیاء جو خریدنا چاہتے ہیں ان کو ایک ٹیکسٹ فائل کے اندر لکھ کر ڈراپ باکس میں رکھ سکتے ہیں اور کہیں سے بھی اس فائل تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

6 ۔ یادگار تصاویر: کچھ تصاویر یادگار ہوتی ہیں، آپ کے پیاروں کی،  کبھی نہ بھولنے والے لمحات کی۔ اگر چہ آج کی دنیا میں سب کچھ فوراً سے فیس بک پر اپلوڈ کر دیا جاتا ہے لیکن اگر آپ میری طرح ایک تنہائی پسند (Introvert) ہیں اور تمام تصاویر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنا نہیں چاہتے لیکن پھر بھی ان تک ہر وقت رسائی چاہتے ہیں تو آپ انہیں ڈراپ باکس کے ایک فولڈر کے اندر رکھ کے ایسا باآسانی کر سکتے ہیں۔ آپ چاہیں تو ان تصاویر یا تصاویری فولڈر کو اپنے پیاروں کے ساتھ شیئر بھی کر سکتے ہیں۔

7 ۔ دفتری فائلز / پراجیکٹ فائلز: اگر آپ ملازم پیشہ ہیں تو یقیناً کچھ فائلز ایسی ہوں گی جن پر آپ کو کسی بھی وقت کام کرنا پڑ سکتا ہے ، ایسی تمام فائلز آپ ڈراپ باکس کے اندر رکھ سکتے ہیں۔ میں ایک فری لانسر ہوں اور میں اپنے گاہکوں (Clients) کے ساتھ جن پراجیکٹس پر کام کر رہا ہوتا ہوں ان فائلز اور فولڈرز کو میں ڈراپ باکس کے اندر رکھتا ہوں اس سے مجھے دو فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ ایک تو میں ان فائلز تک کہیں سے بھی رسائی حاصل کر سکتا ہوں اور دوسرا اگر حادثاتی طور پر مجھ سے کوئی فائلز ڈیلیٹ ہو جائے تو میں اسے ڈراپ باکس سے دوبارہ ڈاؤنلوڈ کر لیتا ہوں۔ (ڈراپ باکس 30 دنوں تک آپ کی ڈیلیٹ شدہ فائلز محفوظ رکھتا ہے )

8 ۔ شیئرڈ پراجیکٹس: بعض دفعہ میں کسی دوست یا کولیگ کے ساتھ مل کر کام کرتا ہوں تو ڈراپ باکس کے اندر اس پراجیکٹ کا ایک فولڈر بنا کر اس دوست کے ساتھ شیئر کر دیتا ہوں اور پھر ہم اس پراجیکٹ سے متعلقہ تمام فائلز اس فولڈر کے اندر رکھ چھوڑتے ہیں۔ اب ہم میں سے کوئی بھی اگر ایک فائل فرض کر لیں ٹیکسٹ فائل میں تبدیلی کرتا ہے تو وہ تبدیلی فوراً سے قبل دوسرے تک پہنچ جاتی ہے۔

 

کیا آپ سادہ، آسان اور پُرسکوں زندگی کے خواہاں ہیں؟
اپنا ای میل ایڈریس درج کیجیے اور میرا ہفتہ وار ای میل نیوز لیٹر جوائن کیجیے

احباب کے ساتھ شیئر کیجیے

فیس بک
ٹوئٹر
گوگل پلس
ای میل
فیس بک
ٹوئٹر
گوگل پلس
ای میل

اپنی رائے کا اظہار کریں

error: !!معذرت، کاپی کی اجازت نہیں