سستی اور کاہلی کا علاج [کتاب خلاصہ]

برائن ٹریسی دنیا کے جانے مانے ٹرینر، اسپیکر، استاد اور مصنف ہیں۔ ذاتی بہتری کے موضوعات پر آپ کی کئی کتب چھپ چکی ہی۔ آپ پوری دنیا میں سیمینارز اور ٹریننگ کراتے ہیں۔ زیرِ نظر کتاب Eat That Frog کے اندر برائن ٹریسی نے ایسے طریقے بتائے ہیں جن پر عمل کر کے ہم ٹال مٹول کی عادت سے نجات حاصل کر سکتے ہیں، اور کم وقت میں زیادہ کام سرانجام دے سکتے ہیں۔ میں نے اس کتاب سے جو سیکھا وہ پیشِ خدمت ہے۔

اہداف کا تعین کیجیے: جب بھی آپ کسی پراجیکٹ پر کام شروع کریں تو کام کے باقاعدہ آغاز سے قبل اپنے اہداف کا تعین کریں۔ آپ کو پتا ہونا چاہیے کہ اس پراجیکٹ میں آپ کیا کیا ہدف کب کب حاصل کرنا چاہتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ آپ کو یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ آپ کو ان اہداف کے حصول کے لیے کیا کیا کرنا ہو گا۔ بہت ہے کہ آپ اپنے تمام اہداف (Goals) کو کاغذ پر لکھیں اور پھر ہر ہدف کے حصول کے لیے آپ نے جو کوشش کرنی ہے وہ بھی تفصیل کے ساتھ لکھ لیں۔ مختلف ریسرچ یہ بتاتی ہیں کہ وہ لوگ جو اپنے گولز کو باقاعدہ لکھتے ہیں اور پھر ان کے حصول کے لیے منصوبہ بندی کرتے ہیں ان افراد کی نسبت زیادہ کامیاب ہوتے ہیں جو کہ اپنے گولز یا اہداف کو کاغذ پر منتقل نہیں کرتے۔ جب ایک دفعہ آپ کو یہ پتا چل گیا کہ آپ کو کرنا کیا ہے تو پھر اس پر فوراً سے کام شروع کر دیں۔ اگر آپ بہتر طور پر کام کرنا چاہتے ہیں تو 80/20 کے rule سے مدد لیں یعنی اپنے وقت کا 80 فیصد حصہ ان 20 فیصد کاموں کو دیں جو کہ مشکل ہیں لیکن ساتھ ہی ساتھ اہم بھی ہیں۔ یہاں اس سبق کے حوالے سے میں اپنا تجربہ بھی شیئر کرتا چلوں، اگرچہ گولز کا تعین اور منصوبہ بندی کامیابی کا اہم جزو ہیں لیکن آپ ہمیشہ بس یہ نہ کرتے رہیں۔ میں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ گولز اور منصوبہ بندی کی نظر کیا ہے اور اس سب کے بعد اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ بس دفعہ اس سب کے بغیر کامیابی زیادہ آسانی سے ممکن ہے خاص طور پر تب جب آپ کو سمجھ نہ آرہی ہو کہ منصوبہ بندی کریں تو کیسے؟ ایسے میں جیسے تیسے بس کام شروع کیجیے، ایک دفعہ چل پڑے تو آگے کا راستہ سجھائی دینے لگے گا، پر اگر گھر بیٹھے رہے تو کچھ بھی حاصل نہیں ہونے والا۔

ترجیحات کا تعین کریں: اب آپ کو یہ تو پتا چل گیاکہ آپ نے کیا کرنا ہے اور وہ سب آپ نے کاغذ یا کمپیوٹر کے اندر لکھ لیا لیکن اب اس کا تعین کیسے کیا جائے کہ کونسا کام پہلے کرنا ہے اور کونسا بعد؟ کونسا اب کرنا ہے اور کونسا اگلے سال؟ اپنے کاموں کی فہرست پر نظر دوڑائیے اور ان کاموں کے ساتھ A لکھ لیجیے جو کہ سب سے اہم اور فوری کرنے والا ہیں بھلے ہی وہ کام کتنے مشکل کیوں نہ ہوں۔ A سے کم اہم کاموں کے ساتھ B، اس سے کم اہم کاموں کے ساتھ C اور سب سے کم اہم کاموں کے ساتھ D لکھ لیجیے۔ اب جب آپ کام کرنا شروع کریں تو سب سے پہلے ان کاموں کو سرانجام دیجیے جن کے ساتھ A لکھا ہوا ہے، یہی کام Frog ہیں انہیں سب سے پہلے کھائیں۔

یہ بھی پڑھیں :   لکھنے لکھانے کی صلاحیت کو استعمال کرتے ہوئے آن لائن پیسے کمائیں

ہمیشہ سیکھتے رہیں: آپ کا تعلق بھلے کسی بھی شعبے سے ہو ہر دم، ہر وقت خود کو پہلے سے بہتر بناتے رہیں۔ اپنے شعبے کے متعلق ہر روز کچھ نیا سیکھیں، اپنی مہارتوں میں بہتری لائیں۔ اپنے شعبے سے متعلق نئی کتب پڑھیں، مختلف کورسز میں حصہ لیں۔ اس کے لیے آپ سکل شیئر کی مدد لے سکتے ہیں۔

ہر دم مثبت رہیں: اپنے خیالات اور سوچوں کو مثبت رکھیے۔ اپنے آپ کو خود تحریک (Motivation) دیں اس کے لیے دوسرے افراد کی طرف نہ دیکھیں۔ اگر آپ مثبت سوچیں گیں تو مثبت ہو گا، خود سے بات چیت کے لیے ہمیشہ مثبت الفاظ کا چناؤ کریں۔ ناکامیاں زندگی کا حصہ ہیں اور مایوسی کا جذبہ بھی انسان کے ہی اندر ہے لیکن صورتحال کوئی بھی ہو اس کے اندر مثبت پہلو تلاش کریں۔ اگر ناکامیاں آپ کا پیچھا چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہیں تو ذرا دم کو رکیے اور اپنی ناکامی کی وجوہات تلاش کیجیے، پھر ان پر کام کیجیے، یوں ہی آپ کامیابی کے ذائقے کو چکھ پائیں گے۔

اپنے وقت کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں رکھیے: ہر شخص کو ایک جیسے اور محدود وقت سے نوازا گیا ہے ایسے میں وہ افراد کم وقت میں زیادہ کام کر پاتے ہیں جو کہ اپنے وقت کو باقاعدہ Plan کرتے ہیں۔ اپنے کاموں کی فہرست سامنے رکھیے اور کیلنڈر یا سادہ کاغذ کی مدد سے اپنے دن کی باقاعدہ منصوبہ بندی کیجیے کہ کس گھڑی میں آپ نے کونسا کام کرنا ہے اور پھر اس پر کاربند رہیے۔ آپ اپنے Schedule پر کاربند تبھی رہ پائیں گے جب آپ نہ کہنے کا فن سیکھیں گے۔

کیا آپ سادہ، آسان اور پُرسکوں زندگی کے خواہاں ہیں؟
اپنا ای میل ایڈریس درج کیجیے اور میرا ہفتہ وار ای میل نیوز لیٹر جوائن کیجیے

احباب کے ساتھ شیئر کیجیے

فیس بک
ٹوئٹر
گوگل پلس
ای میل
فیس بک
ٹوئٹر
گوگل پلس
ای میل

اپنی رائے کا اظہار کریں

error: !!معذرت، کاپی کی اجازت نہیں