ونڈوز کے 5 مشہور سافٹ ویئر کا مفت لینکس متبادل

ونڈو کے لیے قیمتاً دستیاب مختلف پروفیشنل سافٹ ویئرانتہائی شاندار اور بہترین کام کرتے ہیں۔ لیکن ان کے اندر ایک خرابی ہے، وہ ٹھیک ٹھاک مہنگے ہیں۔ پروفیشنل حضرات اور کاروباری ادارے جو ان کو کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں ان کے لیے ان کو خریدنا زیادہ مشکل بات نہیں، لیکن عام استعمال کنندگان، طالبِ علم حضرات اور وہ لوگ جو نئی نئی فری لانسنگ شروع کرتے ہیں ان کے پاس دو ہی آپشن ہوتے ہیں، یا تو ان کو چوری (کریک) کر کے استعمال کیا جائے یا پھر ان کا مفت متبادل دیکھا جائے۔ ان سافٹ ویئر کی چوری (کریکنگ) ہر لحاظ سے ایک گھٹیا فعل ہے، یہ اخلاقاً اور شرعاً دونوں لحاظ سے غلط ہے، مقامِ افسوس ہے کہ پاکستان میں افراد تو ایک طرف بڑی بڑی کمپنیاں ان سافٹ ویئر کو کریک کر کے استعمال کر رہی ہیں، اور وہ لوگ جن کو اس امر کو غلط کہنا تھا (اساتذہ اور اہلِ دانش) وہ خاموش ہیں۔

جب ہم نے یہ فیصلہ کر لیا کہ ہم ان سافٹ ویئر کو کریک کر کے استعمال نہیں کریں گے تو پھر یہ سوال اٹھتا ہے کہ ان کا متبادل کیا ہے۔ جب میں ونڈو آپریٹنگ سسٹم سے لینکس پر منتقل ہوا تو یہ سوال میرے ذہن میں بھی اٹھا، اس وقت میں نے اس کا جو جواب تلاش کیا وہ آپ کے سامنے ہے۔اس مضمون  میں آپ کو ونڈو کے مختلف پروگرامز جیسے مائیکروسافٹ آفس، ایڈوب فوٹوشاپ، ایڈوب السٹریٹر اور دیگرچند مشہور سافٹ ویئر کا مفت متبادل بتاؤں گا، ان میں سے اکثر سافٹ ویئر لینکس کے ساتھ ساتھ ونڈو اور میک کے لیے بھی دستیاب ہیں۔

MS Office  کا مفت اوپن سورس متبادل

ایم ایس آفس گھروں، دفاتر اور تعلیمی اداروں میں استعمال ہونے والا ایک عام سافٹ ویئر پیکج ہے، اس وقت یہ قریب 800 روپے ماہانہ یا قریب 13000 روپے جو کہ ایک دفعہ ادا کرنے ہوتے ہیں (پرسنل لائسینس کے لیے)، کے عوض ونڈو اور میک کے لیے دستیاب ہے۔ اگر آپ یہ قیمت ادا نہیں کرنا چاہتے تو اس کا بہترین متبادل لبرے آفس ہے جو کہ لینکس، ونڈو اور میک تینوں کے لیے دستیاب ہے۔ اس کے اندر موجود مختلف سافٹ ویئر جیسے کہ رائٹر، کیلک، امپریس، ڈرا اور میتھ وغیرہ ایم ایس آفس کے مختلف سافٹ ویئر کا بہترین متبادل ہیں۔ یہ ایم ایس آفس کے تمام کام باآسانی کر سکتا ہے اور بہت سے کام ایم ایس آفس کی نسبت بہتر طریقے سے کر سکتا ہے۔ آپ اس کے اندر ایم ایس آفس میں بنائی گئی پرانی فائلز باآسانی پڑھ اور ایڈٹ کر سکتے ہیں۔

لینکس یوزرز لبرے آفس کو آفیشل ویب سائیٹ کے علاوہ سافٹ ویئر سنٹر سے بھی ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہیں۔

اوبنٹو، لینکس مِنٹ اور اس قبیل کی دیگر لینکس ڈسٹرو پر لبرے آفس کا Latest ورژن درج ذیل کمانڈز کے ذریعے بھی انسٹال کیا جا سکتا ہے۔

sudo add-apt-repository ppa:libreoffice/libreoffice-5-4
sudo apt update
sudo apt install libreoffice

Adobe Photoshop  کا مفت اوپن سورس متبادل

Photoshop ایک ایسا سافٹ ویئر ہے جو کہ ہمارے ہاں فوٹوگرافرز اور فری لانسر حضرات عام استعمال کرتے ہیں اور ہمارے ہاں اس کی بڑے پیمانے پر چوری بھی کی جاتی ہے۔ میں بھی مدت تک انہی چوروں میں شامل رہا اور پھر جب قدرت نے شعور بخشا تو اس کو قیمتاً خرید کر استعمال کرنا شروع کیا۔ جب میں لینکس پر منتقل ہوا تو وہاں یہ دستیاب نہیں تھا، تو اس کا متبادل جو میرے ہاتھ آیا وہ Gimp تھا، یہ ایک اوپن سورس سافٹ ویئر ہے جو کہ فوٹوشاپ کے اکثر کام بڑی سہولت سے کر لیتا ہے لیکن تھوڑے مختلف انداز میں، اس کے لیے آپ کو اسے سیکھنا پڑے گا جس کے بعد یہ فوٹوگرافی سے متعلق بہترین کام کرے گا۔ (آپ گمپ کو Skillshare کی مدد سے باآسانی سیکھ سکتے ہیں)

یہ بھی پڑھیں :   لینکس میں ایپ امیج (appimage) استعمال کرنا سیکھیں

درج ذیل ویڈیو آپ کو گمپ کو فوٹوشاپ کے جیسا بنانے میں مدد دے گی

اگر آپ فوٹوشاپ کو ویب / ایپ ڈیزائننگ کے لیے استعمال کرتے ہیں تو پھر فوٹو شاپ کا بہترین متبادل گریوٹ ڈیزائنر ہے جو کہ اوپن سورس تو نہیں پر تمام آپریٹنگ سسٹم کے لیے دستیاب مفت ڈیزائن ٹول ہے، اس کا مزید ذکر نیچے آئے گا۔

لینکس یوزرز گمپ کو آفیشل ویب سائیٹ کے علاوہ سافٹ ویئر سنٹر سے بھی ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہیں۔

CorelDRAW  کا مفت اوپن سورس متبادل

کورل ڈرا ایک ویکٹر ڈیزائن سافٹ ویئر ہے اور پاک و ہند میں کافی زیادہ استعمال کیا جاتا ہے، اگر آپ اس کے مفت اور اوپن سورس متبادل کی تلاش میں ہیں تو InkScape آپ کی تلاش ختم کر سکتا ہے۔ لینکس کے ساتھ ساتھ ونڈو اور میک کے لیے دستیاب یہ سافٹ ویئر بنیادی کاموں سے لے کر ایڈوانس ڈیزائننگ تک تمام کام باآسانی کر سکتا ہے۔آپ اسے انگلش کے ساتھ ساتھ اردو ڈیزائننگ کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

اوبنٹو، لینکس مِنٹ اور اس قبیل کی دیگر لینکس ڈسٹرو پر انک سکیپ کا Latest ورژن درج ذیل کمانڈز کے ذریعے بھی انسٹال کیا جا سکتا ہے۔

sudo add-apt-repository ppa:inkscape.dev/stable
sudo apt update
sudo apt install inkscape

Adobe illustrator  کا مفت متبادل

ویکٹر ڈیزائننگ کے لیے ہندوپاک میں اگرچہ کورل ڈرا ہی زیادہ استعمال کیا جاتا ہے لیکن بین الاقوامی سطح پر ایڈوب کے سافٹ ویئر السٹریٹر کی اجارہ داری ہے۔ ایڈوب السٹریٹر کو ویکٹر ڈیزائننگ کے ساتھ ساتھ ویب اور UI ڈیزائن کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے متبادل کی جب بھی بات آتی ہے تو انک سکیپ کا ہی نام آتا ہے، لیکن میں اس کے متبادل کے طور پر مفت، کلوزڈ سورس، کراس پلیٹ فارم ٹول گریوٹ ڈیزائنر کو ترجیح دیتا ہوں۔ یہ استعمال میں آسان سافٹ ویئر بڑی آسانی سے ویکٹر ڈیزائننگ اور ویب ڈیزاننگ کا کام کر سکتا ہے۔ آپ اس کو ونڈو، لینکس اور میک کے ساتھ ساتھ آن لائن بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

گریوٹ کے متعلق مزید جاننے کے لیے میرا تحریر کردہ مضمون Gravit Designer ۔ مفت ویکٹر ڈیزائن سافٹ ویئر ضرور پڑھیے۔

Adobe Premiere  کا مفت اوپن سورس متبادل

اگر آپ کا کام ویڈیوز سے متعلق ہے اور آپ یوٹیوب اور اس نوعیت کی ویڈیوز کی ایڈیٹنگ کے لیے ایک ایسے ٹول کی تلاش میں ہیں جو مفت بھی ہو اور لینکس پر دستیاب بھی تو KdenLive آپ ہی کے لیے ہے۔ اس سافٹ ویئر کی مدد سے آپ ابتدائی اور درمیانے درجے کی ویڈیو ایڈیٹنگ آسانی اور سہولت سے کر سکتے ہیں۔اگر ونڈو پر آپ  Camtasia استعمال کرتے رہے ہیں تو یہ سافٹ ویئر اس کا بھی بہترین متبادل ثابت ہو سکتا ہے، اس کے ساتھ Simple Screen Recorder کو استعمال کرتے ہوئے آپ آسانی سے سکرین ریکارڈ کر سکتے ہیں، جس کے بعد اس ویڈیو کو KdenLive کی مدد سے ایڈٹ کیا جا سکتا ہے۔

اوبنٹو، لینکس مِنٹ اور اس قبیل کی دیگر لینکس ڈسٹرو پرKdenLive کا Latest ورژن درج ذیل کمانڈز کے ذریعے بھی انسٹال کیا جا سکتا ہے۔

sudo add-apt-repository ppa:kdenlive/kdenlive-stable
sudo apt update
sudo apt install kdenlive

اگر آپ لینکس کے متعلق مزید ٹیوٹوریلز اور مضامین سے بروقت آگاہ رہنا چاہتے ہیں تو نیچے اپنا ای میل درج کر کے ویب سائیٹ کو سبسکرائب کر لیجیے۔

کیا آپ سادہ، آسان اور پُرسکوں زندگی کے خواہاں ہیں؟
اپنا ای میل ایڈریس درج کیجیے اور میرا ہفتہ وار ای میل نیوز لیٹر جوائن کیجیے

احباب کے ساتھ شیئر کیجیے

فیس بک
ٹوئٹر
گوگل پلس
ای میل
فیس بک
ٹوئٹر
گوگل پلس
ای میل

اپنی رائے کا اظہار کریں

error: !!معذرت، کاپی کی اجازت نہیں